LIVE

سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے والے ملک چھوڑدیں،آسٹریا

ویب ڈیسک
March 01, 2017
 

آسٹریا نے ملک میں مسترد شدہ سیاسی پناہ کے خواہش مندوں کو آسٹریا چھوڑنے کے لیے کہا ہے۔

آسٹریا کے وزیر داخلہ وولف گانگ سوبوتکا نے کہا ہے کہ اس یورپی ملک میں سیاسی پناہ کے خواہش مند وہ تارکین وطن، جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں، انہیں یا تو آسٹریا سے جانا پڑے گا یا پھر نتائج بھگتنا ہوں گے۔

آسٹرین دارالحکومت ویانا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سوبوتکا نے کہا کہ ابھی تک آسٹریا میں چار ہزار ایسے غیر ملکی موجود ہیں، جنہیں وہاں سے چلے جانا چاہیے تھا۔ لیکن وہ ابھی تک سماجی شعبے میں مفت ریاستی خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ایک نئے مسودہ قانون کے تحت ایسے ناکام درخواست گزار تارکین وطن کو، جو پھر بھی آسٹریا میں رہیں گے، پانچ ہزار سے لے کر پندرہ ہزار یورو تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔ اس قانون کی منظوری کی صورت میں اس سے دو ہزار تک غیر ملکی متاثر ہوں گے۔