LIVE

مخالفین کے ثبوت یا شہادتیں ناکافی تھیں، خواجہ آصف

ویب ڈیسک
April 20, 2017
 

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے اکثریت کے ساتھ وہ فیصلہ دیا جو وزیر اعظم نے چھ ماہ پہلے کہا تھاجو ثبوت یا شہادتیں ہمارے مخالفین نے پیش کیں وہ ناکافی تھیں۔

پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عدالت نے کہا ہےکہ وزیرا عظم نا اہل نہیں ہوئے، اس دوران خواجہ آصف جذبات پر قابو نہ رکھ سے اور رو پڑے۔

وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ناقابل تردید ثبوت کا دعویٰ کرنے والوں نے منہ کی کھائی، ہم نے بار بار یہ کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا، آج ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے ساتھ پورا تعاون کریں گے، پاکستان کو آگے بڑھانے کا سفر جاری رہے گا، نواز شریف صادق بھی ہیں امین بھی ہیں ، وہ جدید پاکستان کے معمار ہیں۔

وزیر ریلوے نے پی ٹی آئی پر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ اب رونا بند کر دو، عمران خان اب بھی وقت ہے ،خیبر پختون خوا جاؤ۔