LIVE

یوپی حکومت نے مذہبی سمیت 15 عام تعطیلات ختم کردیں

ویب ڈیسک
April 26, 2017
 

بھارتی ریاست اترپردیش میں بی جے پی حکومت نے جمعۃ الوداع اور عید میلادالنبی سمیت 15 عام تعطیلات کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر سے جاری ٹویٹس میں سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ رواں سال2017 سے ہی نافذالعمل ہوگا۔ منسوخ کی جانے والی عام تعطیلات میں جمعۃ الوداع، عید میلادالنبی اور مہارشی بالمیکی جینتی جیسی اہم تعطیلات بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خواجہ معین الدین چشتی، چندر شیکھر، پرشورام، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور چودھری چرن سنگھ کی یوم پیدائش پر ہونے والی تعطیلات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری ٹویٹس میں کہا گیا ہے کہ عظیم شخصیتوں کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں ان کی شخصیت، كانکے کارناموں اور تحریک دینے والی تعلیمات کو موجودہ نوجوان نسل تک پہنچانے کے مقصد سے کم از کم ایک گھنٹے کی نشست منعقد کی جائے گی۔

اس وقت اتر پردیش میں 42 سرکاری چھٹیاں ہیں جن میں سے 17 عظیم شخصیتوں کے اعزاز میں ہوتی ہیں۔