LIVE

حسین نواز کی تیسری پیشی پر باڈی لینگویج تبدیل

ویب ڈیسک
June 01, 2017
 

وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز تیسری بار پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تو باڈی لینگویج تبدیل دکھائی دی۔

تیس مئی کو چہرے پر پریشانی تھی تو آج مسکرا کر سوالوں کے جواب دیے، تیس مئی کو صحافی لقمے دے رہے تھے،آج سوالوں کی گیند خود ہی صحافیوں کے کورٹ میں پھینک دی۔

پانچ روز میں جے آئی ٹی کے سامنے حسین نواز کی تیسری پیشی ہوئی، تیس مئی کو پیشی کے لیے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس آمد ہوئی تو رش کی وجہ سے چہرے پر پریشانی کے آثار تھے۔

بھیڑ تو آج بھی تھی لیکن راستہ بنانے والوں نے مشکل آسان کی، دھکے ساتھ آنے والوں کو لگے، تیس مئی کو ساڑھے 4گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد حسین نواز باہر آئے، تو شور شرابے میں کان پڑی آواز سنائی نہ دے رہی تھی، بات کرتے کرتے رپورٹرز لقمے دے رہے تھے۔

لیکن آج انتظام کچھ بہتر تھا،حسین نواز باہر آئے تو ایک ڈائس منتظر تھا،جس پر میڈیا نمائندوں کے مائیک سجے تھے، چہرے پر مسکراہٹ سجائے حسین نواز نے پراعتماد لہجے میں اتنی ہی بات کی جتنی کرنی تھی،پھر گیند صحافیوں کے کورٹ میں پھینک دی۔

جوڈیشل کمپلیکس سے نکلتے نکلتے وہاں موجود لوگوں سے خیرخیریت دریافت کی، مصافحہ کیا اور اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے۔