LIVE

نواز شریف کے پاس مستعفی ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں، عمران خان

ویب ڈیسک
July 10, 2017
 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا تاہم اب ان کے پاس استعفیٰ دینے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں انصاف کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی پوری کوششیں کی گئیں اور شریف خاندان نے اپنی چوری چھپانے کے لئے اداروں سے غلط کام کروائے لیکن یہ ساری چیزیں آج قوم کے سامنے آچکی ہیں اور ہمارے جو خدشات تھے وہ سچ ثابت ہوگئے۔

عمران خان نے کہا کہ میچ ختم ہوگیا ہے ، دیکھنا ہے کس دن وزیراعظم ہاؤس خالی کرتے ہیں، ساری چیزیں سامنے آئیں گی اور اب پتہ چلے گا کہ انہوں نے 30 سال کے اندر ملک کو کتنا لوٹا۔ 

عمران خان نے کہا کہ نئی نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں، آج ثابت ہوگیا کہ مریم نواز لندن فلیٹس کی اصل مالک ہیں اور قطری شہزادے کا خط فراڈ تھا جب کہ نواز شریف دبئی کی کمپنی کے چیئرمین بھی نکل آئے، اب سڑکوں پر تحریک کی ضرورت نہیں رہےگی بلکہ سڑکوں پرجشن منائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ شریف فیملی کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، ان پر اربوں روپے کی کرپشن ہے جب کہ نواز شریف قوم کے مجرم ہیں، بڑے اور چھوٹے تمام گاڈ فادرز استعفیٰ دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کرپشن کے خلاف بطور قائد حزب اختلاف کردار ادا کر رہا تھا لیکن مجھے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی گئی جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نواز شریف کا ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کے بجائے میرا ریفرنس بھیج دیا، انہیں بھی عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیئے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ یہ لوگ کرپشن کے پیسے کو باہر بھیجتے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں ڈالر کی کمی ہوتی ہے پھر ملک کو قرضہ لینا پڑتا ہے جس کے بعد قرضوں کی ادائیگی کے لئے بھاری ٹیکس لگائے جاتے ہیں۔