LIVE

پریمیئر کے بعد فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کی ریلیز روک دی گئی

ویب ڈیسک
July 14, 2017
 

اگر آپ پاکستان کی پہلی سپر ہیرو فلم دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ہمارے پاس آپ کے لیے ایک بری خبر ہے اور وہ یہ کہ فلم ’پروجیکٹ غازی ‘کی ریلیز پریمیئر شو کے فوراً بعد روک دی گئی ہے۔

’پروجیکٹ غازی‘ کا پریمیئر جمعرات کو کراچی کے نیوپلکس سنیما میں منعقد ہوا جس کے ختم ہونے کے کچھ ہی دیر بعد فلم کے فیس بک پیج پر فلم کی ریلیز کو روکنے کا اعلان کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق فلم کی ریلیز روکنے کا فیصلہ پریمیئر کے بعد لوگوں کی جانب سے فلم کے بارے میں انتہائی منفی آراء سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔

پریمیئر میں شریک افراد کے مطابق فلم کی ایڈیٹنگ میں انتہائی سنگین تیکنیکی غلطیاں تھیں جب کہ متعدد جگہوں پر آواز اور ڈبگ کے مسائل تھے۔

پریمیئر میں فلم شروع ہونے کے 40 منٹ کے دوران ہی بیشتر شرکاء اور فلم کی کاسٹ اٹھ کر چلی گئی۔
پروڈیوسرز کو امید ہے کہ فلم کو دوبارہ ایڈیٹ کرکے جلد باضابطہ طور پر ریلیز کر دیا جائے گا۔

’پروجیکٹ غازی‘میں شہریار منور، سائرہ شیروز اور ہمایوں سعید مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ پاکستان کی پہلی سپروہیرو فلم ہے۔