LIVE

گوجرخان: مخالف کی احاطہ عدالت میں فائرنگ سے پیشی پر آئے 2 ملزم ہلاک

ویب ڈیسک
July 19, 2017
 

گوجرخان میں پیشی پر لائے گئے قتل کے ملزم دو بھائیوں کو مخالف نے احاطہ عدالت میں ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

گوجر خان میں فائرنگ کا واقعہ تحصیل کچہری میں پیش آیا جہاں قتل کے الزام میں گرفتار دو بھائیوں کو پولیس اڈیالہ جیل سے پیشی کے لیے لائی کہ اس دوران مسلح شخص نے ملزمان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک قیدی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد کچہری میں موجود وکلا نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول ملزمان عدنان اور عثمان دونوں بھائی تھے اور ان پر 2014 میں رمضان کے دو بھائیوں کو قتل کرنے کا الزام تھا۔

جب کہ مقتول عدنان اقدام اقتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ کرنے والے ملزم رمضان نے اپنے بھائیوں کے قتل کا بدلنے لینے کے لیے قیدیوں کو مارا جس کے بعد اس نے گرفتاری دے دی۔

واقعے کے بعد ایس پی صدر نے غفلت برنے پر 7 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا جب کہ مقتولین کے لواحقین نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک کردی۔