LIVE

نواز شریف یا خود استعفا دیں گے یا انہیں نکالا جائے گا، عمران خان

ویب ڈیسک
July 19, 2017
 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے جو کچھ عدالت میں پیش کیا وہ سب جھوٹ ثابت ہوا اس لئے نوازشریف خود استعفا دیں گے یا انہیں نکالا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جو کچھ عدالت میں پیش کیا وہ سب جھوٹ ثابت ہوا، سب کو پتا چل چکا ہے نوازشریف پکڑے گئے ہیں، وزیراعظم کو اب جدہ نہیں بلکہ اڈیالہ جانا ہے۔

شریف خاندان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہزاروں اور لاکھوں کی چوری پر لوگ جیلوں میں ڈالے ہوئے ہیں یہاں تو اربوں روپے کی چوری کی گئی، اگر جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 کو سامنے لے آیا گیا تو مزید چیزیں سامنے آئیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف آج کہہ رہے ہیں کہ میرا قصور کیا ہے، جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد پتا لگا نواز شریف کا کاروبار ہی کرپشن کا ہے، انہوں نے کمپنیاں بنائی اور فرنٹ مین رکھے، لندن میں تو ان کی 10 کمپنیاں نکل آئیں جو سب خسارے میں تھیں۔

آزادنہ الیکشن کے لئے 4 مطالبات پیش کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کے ماتحت اگلا انتخاب قبول نہیں کریں گے۔

عمران خان نے کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیئے بغیر الیکشن نہ کرایا جائے، پارلیمانی کمیٹی میں اس حوالے سے اب تک کوئی کام نہیں کیا گیا، انہیں شاید خوف ہے کہ کہیں تحریک انصاف کو باہر سے ووٹ نہ پڑ جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن پر شدید تحفظات ہیں، پیپلز پارٹی کو پنجاب اور سندھ میں نون لیگ کو الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا الیکشن کمیشن بنایا جائے جس پر سب کو اعتماد ہو۔

عمران خان نے تیسرا مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت کے انتخاب کے لئے تمام جماعتوں کو شامل کیا جائے اور بائیو میٹرک مشینوں کے بغیر انتخابات نہ کرائے جائیں۔