LIVE

نوازشریف کو سپریم کورٹ میں دوسرا موقع ملا لیکن وہ بے گناہی ثابت نہ کرسکے، شاہ محمود

ویب ڈیسک
July 22, 2017
 

تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ میں نوازشریف کو دوسرا موقع ملا لیکن وہ بے گناہی ثابت نہ کرسکے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما کیس میں وزیراعظم نے پہلے 5 ججز کے سامنے اپنا مؤقف رکھا، 2 ججز نے وزیراعظم کو نااہل کہا، عدالت میں وزیراعظم کی جانب سے جعلی دستاویزات پیش کی گئی، وزیراعظم نواز شریف منی ٹریل نہ دے سکے، وہ صادق اور امین نہیں رہے اور نااہلی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت نے پاناما کیس میں دونوں فریقین کو پورا وقت دیا اور سپریم کورٹ میں نواز شریف کو دوسرا موقع ملا لیکن وہ بے گناہی ثابت نہ کرسکے۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ جمہوریت کوکوئی خطرہ نہیں ہے جب کہ قوم کرپٹ حکمرانوں کا احتساب چاہتی ہے،ہم انتظارکررہے ہیں، جہاں اتنا صبرکیا تھوڑا اوربھی کرسکتے ہیں۔ انہوں مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں 2 گروپ بن گئے ہیں اور دوسرا گروپ محاذ آرائی چاہتا ہے۔