LIVE

وہاب ریاض کی سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی،ملازمت بچانا بھی مشکل

عبدالماجد بھٹی
July 31, 2017
 

گزشتہ تین سال سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں تینوں فارمیٹ میں شامل فاسٹ بولر وہاب ریاض کا ستارہ گردش میں ہے اور اب انہیں پاکستانی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کے بعد انہیں اپنے ڈپارٹمنٹ کی ملازمت بچانے میں بھی مشکل پیش آرہی ہے جب کہ فاسٹ بولر محمد عامر، حسن علی ، محمد عباس ، رومان رئیس کی غیر معمولی کارکردگی نے وہاب ریاض کے مستقبل پر  سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

وہاب پاکستان اور سری لنکا سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز میں کیریبین لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خراب کارکردگی کے بعد یو بی ایل وہاب ریاض کو فارغ کرنے پر غور کررہا ہے۔ انہوں نے بینک جوائن کرنے کے بعد ان کی جانب سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔

اس سے قبل نیشنل بینک کو بھی وہاب ریاض سے یہی شکایت تھی، یو بی ایل کی جانب سے رومان رئیس نے گزشتہ سال کامیاب سیزن کھیل کر پاکستانی ٹیم میں جگہ حاصل کی تھی۔

گزشتہ چند سالوں میں ڈراپ رہنے والے فاسٹ بولر جنید خان نے پاکستان ٹیم میں واپس آکر پرانے ڈپارٹمنٹ واپڈا کو خیر باد کہہ کر دو لاکھ روپے ماہانہ کے عوض حبیب بینک کی ٹیم جوائن کر لی ہے۔