LIVE

نوازشریف کی عدلیہ مخالف تقاریر سپریم کورٹ میں چیلنج

ویب ڈیسک
August 12, 2017
 

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی عدلیہ مخالف تقاریر کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ سے نااہلی کےبعد سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام مگر اس سے اختلاف ہے۔

جب کہ اسلام آباد سے لاہو روانگی کے دوران ریلی میں بھی سابق وزیراعظم نے عدالتی فیصلے کے بارے میں بیانات دیئے اور فیصلے کو سازش قرار دیا۔

آج سابق وزیراعظم کی ان تقاریر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

شہری محمود اختر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ نوازشریف نے اپنی نااہلی کو سازش قرار دیا ہے اور وہ مسلسل سپریم کورٹ پر سازش کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف کی تقاریر توہین عدالت اور غداری کے زمرے میں آتی ہیں، سپریم کورٹ نوازشریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگائے۔

درخواست گزار کی جانب سے نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا بھی کی گئی ہے۔