LIVE

صدر ٹرمپ کے بیان کی پروا نہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی: احسن اقبال

ویب ڈیسک
August 22, 2017
 

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ امریکی صدر کے بیان کی پروا کیے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی افغان پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اپنی توپوں کا رخ پاکستان کی جانب رکھا اور کہا کہ امریکا پاکستان کو اربوں ڈالر دیتا ہے مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔ 

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ اور  دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔

امریکی صدر کے بیان اور نئی افغان پالیسی کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کسی کی خوشنودی کے لیے نہیں بلکہ اپنی سلامتی اور قیام امن کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی صدر کے بیان کی پروا کیے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چودھری نثار کے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے اسی لیے ان کی سب سے پہلی ترجیح نیشنل ایکشن پلان کو کامیاب بنانا ہے۔

احسن اقبال کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کو کامیاب بنانے کے لیے ہی تمام صوبوں کے وزرائے اعلی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہماری لائن بڑی واضح ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے لہذا سیاسی جماعتیں چھوٹے چھوٹے مفادات کی خاطر ملکی سلامتی کو داؤ پر نہ لگائیں جب کہ جو آئین اور قانون کو ہاتھ میں لے گا اس سے سختی سے نمٹیں گے۔