LIVE

ورلڈ الیون کے خلاف کھلاڑیوں کے لیے رنز بنانے کا بہترین موقع ہے،سرفراز احمد

سید یحییٰ حسینی
September 05, 2017
 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون کے خلاف کھلاڑیوں کے لیے رنز بنانے کا بہترین موقع ہے۔

ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 12 ستمبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا اور 8 ٹی 20 میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد پاکستان میں پہلی بار قیادت کریں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے نا صرف ملک کے ویران میدان آباد ہوں گے بلکہ ورلڈ الیون کے دورہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ 

 دورہ ویسٹ انڈیز کے چار ٹی 20 میچوں میں صرف احمد شہزاد کی نصف سنچری بنانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی پچز پر گیند چوں کہ بیٹ پر اچھی طرح نہیں آرہا تھا اس لیے وہاں کم اسکور والے میچ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں معاملہ زرا مختلف نوعیت کا ہوگا اور کھلاڑیوں کے لیے یہاں رنز بنانے کے مواقع موجود ہیں۔

سرفراز احمد نے ٹیم سلیکشن کے سوال پر کہا کہ دو فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر کے گھر بیٹی کی پیدائش متوقع ہے لہذا اس لیے ممکن ہے کہ وہ کچھ میچ چھوڑ سکتے ہیں۔

سرفراز احمد نے پاکستان میں صرف ایک ٹی 20 کھیلا ہے اور 22 مئی 2015ء کو زمبابوے کے خلاف کھلیے گئے میچ میں دو کیچ کرنے کیساتھ وہ تین رنز پر ناٹ آوٹ رہے تھے۔