LIVE

بنگلا دیش ہجرت کرنیوالے روہنگیا مسلمانوں کی کشتی ڈوب گئی، 60 ہلاک

ویب ڈیسک
September 30, 2017
 

میانمار سے بنگلا دیش پہنچنے کی کوشش کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی کشتی ڈوبنے سے کم ازکم 60 افراد ہلاک ہوگئے ۔

میانمار میں ریاستی تشدد کے بعد 5 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان بنگلادیش کی سرحد کے قریب پناہ گزین کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔

میانمار حکومت کی پشت پناہی میں بدھ ملیشیا کے مظالم سے جان بچا ہجرت کرنے والے روہنگیائی مسلمانوں کی کشتی خلیج بنگال میں اندامان سمندر میں بنگلہ دیش پہنچنے سے پہلے ہی ڈوب گئی جس میں کم از کم 60 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

زندہ بچ جانے والے کشتی مسافروں کے مطابق غیرقانونی طریقے سے سفر کرنے والی اس کشتی کا کپتان چیک پوائنٹس سے بچنے کی پوری کوشش کرتا رہا لیکن تیز بارشوں کے سبب سمندر میں طغیانی کے باعث کشتی الٹ گئی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے اعداد و شمار کے مطابق میانمار سے بنگلا دیش ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد اب تک 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ بنگلا دیش میں روہنگیا مہاجرین کی بڑھتی ہوئی تعداد ناکافی وسائل کے سبب وہاں تشویشناک صورتحال پیدا کرسکتی ہے۔