LIVE

جانیے ہر بار ایک جیسا انڈہ بنانے کا فنڈہ

ویب ڈیسک
October 16, 2017
 

دیکھنے میں تو انڈہ پکانا دنیا کا انتہائی آسان کام معلوم ہوتا ہے جو ہر بڑی اور چھوٹی عمر کا شخص باآسانی سرانجام دے سکتا ہے لیکن لندن کے تین ماسٹر شیفس کے مطابق انڈے بناتے ہوئے زیادہ تر افراد سنگین قسم کی غلطیاں سرانجام دیتے ہیں۔

رئیلٹی ٹی وی ماسٹر شیف 2016 کے فائنلسٹ جونیتا، بلی اور جیک نے انڈہ بنانے کی انتہائی آسان ترکیبیں پیش کی ہیں جس کے ذریعے سے ہر بار ایک ہی طرح کا انڈہ تیار کیا جا سکتا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے جونیتا نے اس بات پر زور دیا کہ انڈے کو فرائی پین میں ڈالنے سے پہلے یقین دہانی کر لینی چاہیئے کہ تیل گرم ہو گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈے کو تھوڑا سا ذائقہ دینے کے لئے اس میں ایک چٹکی پسی ہوئی یا کٹی ہوئی لال مرچ ڈال دیں۔

لندن میں ایک مقبول کلب چلانے والے بلی اور جیک نے انڈہ بنانے کی اس ترکیب سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اسے ناشتے کے لئے انڈہ بنانے کی بہترین ترکیب قرار دیا۔

دونوں کا کہنا تھا کہ انڈہ بناتے وقت فرائی پین میں گرم تیل اس مقدار میں ہونا چاہیئے کہ پورا انڈہ تیل میں تر ہو جائے یہاں تک کہ فرائی پین کا تلوہ پورا تیل میں ڈوب جائے۔

ماسٹر شیف نے مزید بتایا کہ انڈے کی پرفیکٹ شکل کو حاصل کرنے کے لئے انڈے کے اوپر چمچ کی مدد سے گرم تیل ڈالا جائے۔ اس عمل کے ذریعے انڈے کی پرفیکٹ زردی تیار کی جا سکتی ہے۔

ایک طرف تو رئیلٹی ٹی وی شو کے ماسٹر شیفس نے انڈہ بنانے کی بہترین ترکیب سے اتفاق کیا تو دوسری جانب دیگر متعدد شیفس انڈے کی زردی کی بہترین سورج نما شکل حاصل کرنے کے لئے دیگر طریقہ کار استعمال کرتے ہیں۔

جیمی اولیور انڈے کو تلنے کے لئے زیتون کے ہلکے گرم تیل کا استعمال کرتے ہیں اور آگ کی آنچ بھی ہلکی رکھتے ہیں۔

جب کہ ڈیلا اسمتھ انڈے کو تلنے کے لئے روایتی طریقہ استعمال کرنے کو ترجیح دیتی ہیں اور سور کی چربی میں انڈہ تلتی ہیں۔

اس کے علاوہ ڈیلا اسمتھ انڈہ بنانے کے لئے سور کے تیل کے متبادل کے طور پر مونگ پھلی کے تیل کا مشورہ دیتی ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے پکنے والے انڈے کا ذائقہ سور کی چربی میں پکنے والے انڈے کے مقابلے میں بے ذائقہ ہو گا۔

ڈیلا انڈہ بنانے کے لئے تیل کو ہلکا گرم کرتی ہیں اور پھر انڈہ فرائی پین میں ڈالنے سے پہلے چولہے کی آنچ مزید ہلکی کر دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انڈے کے اوپر تیل ڈالا جائے تاکہ اوپر اور نیچے دونوں جانب سے اچھی طرح پک جائے۔