LIVE

بھارت: ہندو انتہا پسند نے مزدور مسلمان شخص کو قتل کے بعد جلا دیا

ویب ڈیسک
December 07, 2017
 

بھارتی ریاست راجستھان میں ہندو انتہا پسند شخص نے کلہاڑیوں کے وار کر کے ایک مزدور کی پہلے جان لی پھر اس کی لاش کو آگ لگا دی جب کہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔ 

بھارت میں ظلم کی ایک اور داستان رقم ہوئی ہے، راجستھان کے ضلع راج سمند میں ایک ہندو انتہا پسند شخص نے مسلمان مزدور پہلے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اس کی لاش کو آگ لگادی جب کہ ایک اور شخص اس تمام واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔

ویڈیو وائرل ہونے پر ریاستی حکومت نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی تاہم اس کے باوجود ویڈیو عام ہونے اور میڈیا پر چلنے کے بعد ریاستی وزیراعلیٰ گلام چاند کٹاریا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندو انتہا پسند شخص راہ چلتے مزدور پر پیچھے سے کلہاڑی کا وار کرتا ہے پھر اس کے بعد مسلسل وار کر کے اس کی جان لینے کے بعد اس کی لاش کو آگ لگا دیتا ہے۔

پولیس کے مطابق راجستھان کے ضلع راج سمند میں سڑک کنارے سے ایک سوختہ لاش برآمد کی ہے جسے ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد برآمد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ویڈیو کی مدد سے قاتل کی شناخت شمبو لال کے نام سے ہوئی ہے جس نے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراضل نامی شخص کو قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کا قتل کسی کام کی بنیاد پر ہوسکتا ہے جب کہ ویڈیو میں ملزم قتل کرنے کے بعد کہہ رہا ہے کہ اس نے ہندو خواتین کو 'لو جہاد' سے بچا لیا۔

پولیس کے مطابق قتل میں تیسرا شخص بھی ملوث ہے جو واقعے کی ویڈیو بنا رہا تھا تاہم مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات کے لئے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی گئی ہے۔