LIVE

ملک کو معاشی بحران سے نکالنے والے وزیر خزانہ کے وارنٹ جاری ہوئے، مریم نواز

ویب ڈیسک
December 17, 2017
 

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ جس وزیر خزانہ نے ملک کو معاشی بحران سےنکالا، اس کے وارنٹ جاری ہوئے۔

اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا ’جس وزیر خزانہ نے دن رات محنت کرکے ملک کو معاشی بحران سے نکالا، زرمبادلہ کے ذخائر، اسٹاک اکسچینج کو بلند سطح پر پہنچا دیا ان کے وارنٹ ایشو ہوگئے۔ لیکن آئین اور قانون توڑنے والے اور ملک کو ہر قسم کے اندھیرے دینے والے مشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی ہمت کسی عدالت کو نہ ہوئی۔‘






مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور تاریخ کے مجرم کے ریڈ وارنٹ جاری کرو تو پھر قانون کی سربلندی اور قانون کی رکھوالی کی بات پر عوام یقین کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو انٹر پول کے ذریعے بلانا ہے تو اس ڈکٹیٹر مشرف کو بلاؤ جس کو پوری قوم اپنا مجرم سمجھتی ہے۔

خیال رہے کہ جمعے کے روز وفاقی احتساب بیورو (نیب) نے سینیٹر اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیرمین جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اسحاق ڈار کے ریڈ نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار کو کوئی ایسی بیماری لاحق نہیں ہے جس کا علاج پاکستان میں نہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں بتایا گیا کہ احتساب عدالت اسحاق ڈارکو پہلے ہی اشہتاری قرار دے چکی ہے۔