LIVE

بھارتی شہری نے 98 سال کی عمر میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر لی

ویب ڈیسک
December 27, 2017
 

کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اور اگر یہ شوق تعلیم کے حصول کا ہو اور اس میں جستجو اور لگن بھی شامل ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اس شوق کو پورا ہونے سے نہیں روک سکتی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راج کمار ویش نے 96 برس کی عمر میں ریاست بہار کے شہر پٹنا کی نلندا یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا اور دو سال بعد یعنی 98 برس کی عمر میں انہوں نے معاشیات میں ماسٹرز کا امتحان پاس کیا۔

میگھالیہ کے گورنر گنگا پرساد نے نلندا اوپن یونیورسٹی کے 12ویں سالانہ کنووکیشن کے موقع پر راج کمار ویش کو ڈگری سے نوازا۔

راج کمار ویش کا کہنا تھا کہ ڈگری ملنے پر بہت خوش ہوں کیونکہ میں نے اس کے لیے بہت محنت کی تھی اور میری دیرینہ خواہش تھی کہ میں ماسٹرز مکمل کروں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ کیرئیر پر توجہ دینے کے ساتھ تعلیم پر بھی توجہ دیں۔

نلندا یونیورسٹی کے رجسٹرار ایس پی سنہا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ یونیورسٹی کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے، راج کمار ویش اور ان کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اس عمر میں تعلیم کے حصول کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر حیران ہیں کہ راج کمار نے ماضی میں اپنی توانائی کہاں صرف کی۔

ایس پی سنہا کا کہنا تھا کہ راج کمار اس یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے والے سب سے عمر رسیدہ شخص ہیں، یونیورسٹی ان کے نوٹس کو نوجوانوں کے لیے سبق کے طور پر اپنے پاس رکھے گی۔

خیال رہے کہ راج کمار ویش نے گریجویشن 1938 میں آگرہ یونیورسٹی سے مکمل کی اور 1940 میں وکالت کی ڈگری حاصل کی، لیکن پھر نوکری ملنے کے بعد تعلیم کو آگے جاری نہ رکھ سکے۔