LIVE

فیس بک کا نیوز فیڈ میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان

ویب ڈیسک
January 12, 2018
 

بانی فیس بک مارک زکربرگ

فیس بک نے نیوز فیڈ میں بڑی تبدیلیاں لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تبدیلی کے ذریعے صارفین کو خبریں کم اور اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کی جانب سے شیئر کیا گیا مواد زیادہ نظر آئے گا۔

دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا سائٹ فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ نے ایک پیغام میں بتایا ہے کہ اس سے قبل کمپنی کا مقصد ایسی خبریں اور پیغامات کو نیوز فیڈ پر دکھانا تھا جنہیں سب سے زیادہ پسند کیا جاتا تھا یا لوگ ان پر تبصرے کرتے تھے۔

تاہم، کمپنی نے اپنا مذکورہ مقصد تبدیل کر دیا ہے اور اب فیس بک وہ مواد صارفین کو دکھائے گی جو لوگوں کے لیے سماجی طور پر بامقصد ہو گا۔

زکربرگ نے تسلیم کیا ہے کہ ابتدائی طور پر ہو سکتا ہے کہ اس سے لوگوں کی فیس بک پر مصروفیت میں کمی واقع ہو لیکن یہ پالیسی طویل مدتی طور پر بزنس اور صارفین کے لیے بہتر ثابت ہو گی۔