LIVE

سابق سفیر حسین حقانی پر ملک سے غداری پر 3 مقدمات درج

جیو نیوز
January 21, 2018
 

امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف کوہاٹ میں ملک اور فوج سے غداری کے تین مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے تین مقامی شہریوں نے حسین حقانی کے خلاف مقدمات تھانا کینٹ، تھانا سٹی اور تھانا بلی ٹنگ میں دفعہ 120 بی اور 121 اے کے تحت درج کرائے ہیں۔

مقدمات میں کہا گیا ہے کہ حسین حقانی نے امریکا میں رہتے ہوئے منفی پروپیگنڈہ کرکے پاکستان کا امیج خراب کیا۔انہوں نے پاکستان کے خلاف دو کتابیں بھی لکھی ہیں۔

حسین حقانی نے مقدمات پر ردعمل میں کہا ہے کہ پانچ سال پرانے میمو کیس کا فیصلہ بھی نہیں آیا اور الزام لگانے والے غائب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین میری کتابوں اور دلائل کا جواب دیں، کیس درج کرانے والے بھی کتابیں پڑھیں، ایسے تماشوں سے پاکستان کا وقار نہیں بڑھے گا۔