LIVE

اینکر ایک مہرہ ہے اس کے پیچھے کچھ قوتیں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں، رانا ثناء اللہ

ویب ڈیسک
January 29, 2018
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قصور واقعے میں اینکر پرسن شاہد مسعود ایک مہرہ ہے اور اس کے پیچھے کچھ قوتیں ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قوم کردار کشی کرنے والوں کو جانتی ہے کہ ان کی ڈوریاں کہاں سے ملتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم قصور واقعے کے غم میں ڈوبی ہوئی ہے لیکن ایک اینکر شاہد مسعود کے ذریعے اس کیس کا رخ موڑنے کی کوشش کی گئی۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قصور کیس میں شاہد مسعود ایک مہرہ ہے، مہرے کے پیچھے کھڑی قوتیں اس ملک میں افراتفری پھیلانے اور ہیجانی کیفیت پیدا کرنے میں ملوث ہیں ان کا پتہ چلانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے قصور واقعے میں ملوث ملزم کے 37 بینک اکاؤنٹس کا دعویٰ کیا، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ اس کیس میں شاہد مسعود سے ان کے ذرائع پوچھیں اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے عدلیہ پر تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدلیہ پر نہیں فیصلوں پرتنقید کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 28 جولائی کوترقی کی طرف بڑھتے ہوئے ملک کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔

گنے کے کاشتکاروں کو کم ریٹ دینے کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گنے کے کاشتکاروں کو پیسے دے کر احتجاج پر اکسایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گنے کے کاشتکاروں کو مناسب ریٹ دینے کے حوالے سے شوگر ملز مالکان کو بھی سختی سے ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی بچی زینب انصاری سے متعلق کیس میں گرفتار کیے گئے ملزم کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم محمد عمران کے 37 غیر ملکی بینک اکاؤنٹس ہیں اور یہ ایک بین الاقوامی مافیہ کا رکن ہے۔

ڈاکٹر شاہد مسعود کی خبر کے بعد پورے پاکستان میں ہلچل مچ گئی اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے بھی اس حوالے سوالات اٹھائے جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے اس بات کا نوٹس بھی لیا تاہم ڈاکٹر شاہد مسعود اپنے دعوے سے متعلق کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہ کر سکے۔