LIVE

اے این پی مشکلات اور مصائب کے باوجود کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی، اسفند یار ولی

ویب ڈیسک
March 19, 2018
 

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ اے این پی مشکلات اور مصائب کے باوجود کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی۔

اپنے بیان میں اسفند یار ولی نے کہا کہ پارٹی یا ذیلی تنظیم کا کوئی فرد یا افراد اپنے ذاتی مؤقف کو پارٹی پالیسی سے منسوب نہیں کر سکتے، پارٹی اور ذیلی تنظیم کا کوئی بھی رکن چاہے کتنا بھی بڑا ہو کسی دوسری تنظیم یا پارٹی کی سرگرمیوں میں بلا اجازت شرکت نہیں کر سکتا۔

اسفندیار ولی نے کہا کہ اے این پی پختونوں کے مسائل پارلیمانی طرز سیاست میں حل کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ملکی مسائل پر واضح مؤقف اس بات کی دلیل ہے کہ اے این پی پختونوں کی مقبول ترین جماعت اور مؤثر سیاسی قوت ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی کی جڑیں روز بروز عوام میں مضبوط ہوتی جا رہی ہیں۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی پختونوں کے مسائل اور مشکلات مہذب ،جمہوری اور پارلیمانی طرز سیاست میں حل کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی اور پختونوں کے حقوق کی ہر فورم پر وکالت کرتی رہے گی۔