LIVE

شاہد آفریدی ہاکی ہیرو منصور احمد کے علاج کیلئے میدان میں آگئے

ویب ڈیسک
March 19, 2018
 

ورلڈ کپ ہاکی 1994 کے ہیرو منصور احمد کا علاج کروانے کیلئے پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی میدان میں آ گئے۔

جیو نیوز پر سابق قومی کپتان منصور احمد کی بیماری کی خبر چلنے کے بعد شاہد آفریدی نے اپنی فاؤنڈیشن کے تحت ان کا مکمل علاج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’’میں اپنے قومی ہیروز ساتھ ہمیشہ کھڑا ہوں گا اور ان کی سپورٹ کروں گا، آپ نے ملک بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور ہمارے سر فخر سے بلند کیے، مشکل وقت میں ہمیشہ آپ کے ساتھ موجود ہوں گا‘‘۔

خیال رہے کہ سابق گول کیپر منصور احمد ایک ماہ سے شدید علیل ہیں، ان کا دل انتہائی کمزور ہوچکا ہے اور گردے اور پھیپھڑے بھی مکمل کام نہیں کررہے۔

ڈاکٹرز نے دل کی تبدیلی کا مشورہ دیا ہے جس پر منصور احمد نے علاج کے لیے وزیراعظم سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔

گذشتہ 10 روز میں منصور احمد کا وزن 20 کلو گرچکا ہے اور کمزوری کے باعث انہیں بات چیت کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے اور ان کا سانس پھولنے لگتا ہے۔

منصور احمد وہ کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 24 سال قبل نیدرلینڈ کیخلاف میچ میں آخری پینلٹی اسٹروک روک کر پاکستان کو چوتھی مرتبہ ہاکی کا عالمی چیمپیئن بنایا تھا۔