LIVE

آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کیلئے فہیم اشرف کے نام پر اتفاق

سید یحییٰ حسینی
April 12, 2018
 

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر فہیم اشرف کو ٹیسٹ ٹیم میں بطور آل راؤنڈر موقع دینے کے خواہش مند ہیں— فوٹو: فہیم اشرف ٹوئٹر پیج

قصور سے تعلق رکھنے والے 24سالہ فاسٹ بولر فہیم اشرف کیلئے بڑی خبر یہ ہے کہ انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز کیلئے پاکستان کی ٹیم ٹیم میں شامل کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

فہیم اشرف نے 12 جون2017ء کو کارڈف میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلا تھا اور اب وہ پہلی بار قومی ٹیسٹ ٹیم کے لئے منتخب ہونے جا رہے ہیں۔

پاکستان کے لیے 8 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے فہیم اشرف نے ’پاکستان سپر لیگ‘ 2018ء میں اسلام آباد یونائیٹیڈ کی نمائندگی کی تھی اور 18 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر فہیم اشرف کو ٹیسٹ ٹیم میں بطور آل راؤنڈر موقع دینے کے خواہش مند ہیں اور اس تناظر میں اطلاعات ہیں کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں اس سال کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ میچوں کے لئے منتخب پانچ فاسٹ بولرز میں فہیم اشرف بھی شامل ہوں گے۔

دیگر 4 فاسٹ بولرز میں محمد عباس، محمد عامر، راحت علی اور حسن علی شامل ہوں گے۔

فہیم اشرف نے اکتوبر 2013ء میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا،جہاں 34فرسٹ کلاس مقابلوں میں بطور بیٹسمین انہوں نے 2سنچریاں اور 4نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں البتہ بطور بیٹسمین بین الاقوامی کرکٹ میں فہیم اشرف بڑی اننگز نہیں کھیل سکے ہیں۔