LIVE

'شاہ رخ خان نے میری زندگی تباہ کردی!'

ویب ڈیسک
April 19, 2018
 

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان—۔فائل فوٹو

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اداکاری کے تو بے تاج بادشاہ ہیں ہی، لیکن وہ لاکھوں لوگوں کے دلوں میں بھی بستے ہیں اور لوگ ان کی اداکاری، ڈائیلاگز اور جذبات کے اظہار کو عام زندگی میں بھی نقل کرتے نظر آتے ہیں۔

بنگال سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون بھی شاہ رخ کی اتنی ہی بڑی فین تھیں کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے اسٹائل میں اپنے دوست کو شادی کی پیشکش کر ڈالی، لیکن ساتھ ہی اس بات کا بھی برملا اظہار کیا کہ شاہ رخ خان کی وجہ سے ان کی زندگی تباہ ہوگئی۔

دونوں کچھ متضاد باتیں لگ رہی ہیں ناں! چلیں آئیے پس منظر کی طرف چلتے ہیں۔

حال ہی میں ہیومنز آف بمبئے نامی انسٹاگرام پیج پر ایک بنگالی خاتون کی پوسٹ شائع ہوئی، جس میں انہوں نے لکھا:

'شاہ رخ خان نے میری زندگی تباہ کردی!'

خاتون نے لکھا، 'جب میں بچی تھی، تب سے ہی میں نے ایک بہترین اور شاندار شخص کی جانب سے شادی کے پروپوزل کا خواب دیکھا، پس منظر میں وائلن کی موسیقی بج رہی ہو، وہ آہستہ آہستہ میری طرف چل کر آئے، ہوا کے زور سے میرے بال ادھر ادھر بکھر رہے ہوں، وہ گھٹنوں کے بل بیٹھے اور میرے ہاتھ میں اپنے نام کی انگوٹھی پہنا دے'۔

'لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا بلکہ حقیقت میں مجھے اپنے والدین کو ایک پنجابی لڑکے سے شادی کے لیے رضامند کرنا پڑا، ہم 3 سال سے دوست تھے اور اس عرصے میں زیادہ تر وقت ہمیں اپنے والدین کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں لگا۔ ایک وقت تو ایسا بھی آیا کہ ہمیں یقین ہوگیا کہ ہماری شادی ہونے والی ہے، لہذا اس نے مجھے فلمی انداز میں پروپوز کرکے 'سرپرائز' دینے کی کوشش ہی نہیں کی'۔

خاتون کے مطابق، 'میری زندگی میں کبھی ایسا کوئی فلمی لمحہ نہیں آیا، لہذا اپنے دوست کی سالگرہ پر میں نے معاملات اپنے ہاتھوں میں لیے، ایک سرپرائز برتھ ڈے پارٹی کا اہتمام کیا اور جیسے ہی وہ ریسٹورنٹ میں داخل ہوا، میں نے ڈی جے کو 'میری می' گانا چلانے کی ہدایت کی اور پھر گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اسے کہا: اشیش اگروال، میں اپنی پوری زندگی تمہارے ساتھ ہنستے، روتے اور لڑتے ہوئے گزارنا چاہتی ہوں، کیا تم مجھ سے شادی کرو گے؟'

'اس نے میری طرف دیکھااور کہا، 'امید ہے ہمارے بچے اس طرح فلمی نہیں ہوں گے۔'

'اور اس طرح میں نے خود اپنے لیے وہ لمحات حاصل کیے، جن کا میں انتظار کرتی تھی، خواتین کیوں ہمیشہ کسی لڑکے کی جانب سے پروپوز کیے جانے کا انتظار کرتی ہیں؟ یہ نیا دور ہے، اگر آپ کو کوئی پسند ہے تو آپ کو خود اسے انگوٹھی پیش کردینی چاہیے'۔


اب ان خاتون نے تو یہ پوسٹ کردی، لیکن اس پر آنے والے تبصروں میں لوگ یہ سوال کرتے نظر آرہے ہیں کہ آخر اس میں شاہ رخ خان کا کیا قصور تھا؟

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ شاہ رخ نے ان کی زندگی تباہ نہیں کی، بلکہ انہوں نے تو یہ بتایا کہ زندگی کو کس طرح جیا جاسکتا ہے اور خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔

اب یہ تو ہر انسان پر منحصر ہے کہ وہ زندگی کو کس انداز میں جیتا ہے، لیکن مذکورہ بنگالی خاتون نے بہت سے لوگوں کو ایک نئی راہ ضرور دکھا دی ہے۔