LIVE

این آر او سے متعلق کیس: سپریم کورٹ نے زرداری اور مشرف کو نوٹس جاری کردیا

ویب ڈیسک
April 24, 2018
 

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں درخواست پر سماعت ہوئی: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این آر او قانون سے متعلق درخواست پر پرویز مشرف اور آصف زرداری سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان نے این آر او قانون سے متعلق دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ این آر او کی وجہ سے ملک کا اربوں کا نقصان ہوا، این آر او قانون بنانے والوں سے نقصان کی رقم وصول کی جائے۔

چیف جسٹس نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے فریق کس کو بنایا ہے؟ اس پر درخواست گزار نے بتایا کہ میں نے پرویز مشرف، آصف زرداری، ملک قیوم اور نیب کو فریق بنایا ہے۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ کا مقدمہ دائر کرنے کا بنیادی حق کیا ہے؟ عدالت این آر او قانون کالعدم قرار دے چکی ہے۔

چیف جسٹس نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد سابق صدور پرویز مشرف، آصف زرداری سمیت ملک قیوم اور نیب کو نوٹسز جاری کردیئے۔

عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔