LIVE

نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان پر بھارت سے آوازیں اٹھنے لگیں

ویب ڈیسک
May 13, 2018
 

نواز شریف نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ممبئی حملوں کے لیے پاکستان سے غیرریاستی عناصر گئے۔ فوٹو:فائل

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق نئے متنازع بیان سے بھارت سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں۔

ایک انٹرویو کے دوران سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عسکری تنظیمیں نان اسٹیٹ ایکٹرز ہیں اور ممبئی حملوں کے لیے پاکستان سے غیر ریاستی عناصر گئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کیا یہ اجازت دینی چاہیے کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز ممبئی جا کر 150 افراد کو ہلاک کردیں، بتایا جائے ہم ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل مکمل کیوں نہیں کرسکے۔

یاد رہے کہ نواز شریف تقریباً ساڑھے تین سال وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہے تاہم اس دوران ان کی طرف سے اس قسم کی کوئی بات نہیں اور اب اچانک متنازع بیان آنے کے بعد بھارتی میڈیا اسے مختلف رنگ دے رہا ہے۔

بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کے بیان سے بھارتی حلقے خوش ہوں گے۔ 

سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نواز شریف کے بیان اور بھارتی ردعمل پر چوہدری نثار کا وضاحتی بیان میں کہنا تھا کہ بطور وزیرِ داخلہ اس کیس کے تمام مراحل سے مکمل طور پرآگاہ ہوں 

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ممبئی حملہ کیس کی شفاف تحقیقات اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے میں بھارت کی دلچسپی نہیں کیوں کہ بھارت ممبئی حملہ کیس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لئے پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہتا تھا۔

 دوسری جانب نواز شریف کے بیان پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا اصل چہرہ آج پوری طرح قوم کے سامنے ہے، اپنی سیاہ کاریاں بچانے کے لیے پاک فوج، نیب اور سپریم کورٹ جیسے ریاستی ادارے تباہ کرنے پر ہی بضد نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل سے کھلواڑ پر اتر آئے ہیں۔