Time 13 مئی ، 2018
پاکستان

نوازشریف دورِجدید کے میرجعفر ہیں، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف محض چوری کے 300 ارب روپے بچانے کے لیے ریاست پاکستان کے خلاف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں۔

سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنی مختلف ٹوئٹس کے ذریعے عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر شدید تنقید کی اور مختلف الزامات لگائے۔ 

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا اصل چہرہ آج پوری طرح قوم کے سامنے ہے، اپنی سیاہ کاریاں بچانے کے لیے پاک فوج، نیب اور سپریم کورٹ جیسے ریاستی ادارے تباہ کرنے پر ہی بضد نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل سے کھلواڑ پر اتر آئے ہیں۔ 

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف دورِ جدید کا میر جعفر ہے، میر جعفر نے ذاتی مفادات کے لیے انگریزوں سے ہاتھ ملایا تھا۔

عمران خان کے مطابق نوازشریف محض چوری کے 300 ارب روپے بچانا چاہتے ہیں جو انہوں نے بیٹوں کی بیرون ملک کمپنیوں میں چھپا رکھے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ پر اتر آئے ہیں، وہ قوم کو بتائیں 4 سالہ دور وزارت عظمیٰ کے دوران انہوں نے زبان کیوں نہیں کھولی۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف آپ نے اپنے دور وزارت عظمیٰ میں کیوں کوئی کارروائی نہیں کی، آج بھی تو تمہارا ہی ایک مہرہ وزیراعظم ہے۔

مزید خبریں :