Time 13 مئی ، 2018
پاکستان

ممبئی حملہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں بھارت کی دلچسپی نہیں، چوہدری نثار


اسلام آباد: سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ بھارتی عدم تعاون اور ہٹ دھرمی ممبئی حملہ کیس کی پیشرفت میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی جب کہ بھارت کی کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان اور اس پر بھارت کی طرف سے رد عمل پر چوہدری نثار کا وضاحتی بیان میں کہنا تھا کہ بطور وزیرِ داخلہ اس کیس کے تمام مراحل سے مکمل طور پرآگاہ تھا اور ایف آئی اے اس کیس کی تحقیقات کر رہا تھا جو کہ وزارتِ داخلہ کا ماتحت ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیس کی صاف شفاف تحقیقات اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے میں بھارت کی دلچسپی نہیں کیوں کہ بھارت ممبئی حملہ کیس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لئے پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پھانسی کی سزا سے متعلق کیسز سالہا سال التوا کا شکار رہتے ہیں لیکن ممبئی حملے کے واحد زندہ ثبوت اجمل قصاب کو کمال پھرتی سے پھانسی گھاٹ پہنچا دیا گیا۔

چوہدری نثار نے کہا اجمل قصاب کو پھرتی سے پھانسی دے کر منظر عام سے اس لیے ہٹایا گیا تاکہ اصل حقائق منظر عام پر آنے کا باب مکمل طور پر بند کردیا جائے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت تو ہماری عدالتوں کی قائم کردہ کمیٹی سے تعاون کے لئے بھی تیار نہیں تھا جب کہ پہلے مرحلے میں تو اس کمیٹی کو ہندوستان آنے تک کی اجازت نہیں دی گئی اور  بھارت نے ہماری تحقیقاتی ٹیم کو کیس سے منسلک واحد ثبوت سے سوالات کا موقع تک نہ دیا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ بھارتی حکومت نے ممبئی حملے کو بین الاقوامی طور پر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا، یہ واقعہ بھارت میں ہوا اور اس کے 90 فیصد شواہد اور حقائق بھارت کے پاس تھے لیکن ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود بھارتی حکومت متعلقہ شواہد کا تبادلہ کرنے سے گریزاں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سرکار سے اس کیس میں تعاون کی بارہا درخواستیں کی گئیں لیکن بھارت کی طرف سے عدم تعاون اور ہٹ دھرمی ریکارڈ پر ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے ہر واقعے پر بھارت سے معلومات کا تبادلے پر مکمل تعاون کیا لیکن پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات میں بھارت نے کبھی تعاون نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کلبھوشن جیسے واقعات پر بھارت کی جانب سے ہمیشہ ہٹ دھرمی اور عدم تعاون کامظاہرہ ہوا، ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان کے تعاون کی ہر درخواست، خط اور اعلان ریکارڈ پر ہے جس کے خطوط اور ریکارڈ ایف آئی اے کے پاس محفوظ ہیں۔

ماروی میمن کی چوہدری نثار کے بیان کی حمایت

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن نے چوہدری نثار کے بیان کی حمایت کردی۔

ماروی میمن نے کہا کہ ممبئی معاملے پر چوہدری نثار کا بیان حب الوطنی اور حقائق پر مبنی ہے اور وہ دھرتی کے سپوت ہیں۔

ماروی میمن نے کہا کہ اس معاملے پر دوسرے خاموش ہیں لیکن کم از کم وہ خاموش نہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پرچم کیلئے اصل دشمن کے خلاف ہمت کرکے اٹھنا حب الوطنی ہے، دفاع وطن کیلئے اپنے حلف پر ثابت قدمی دکھانا بھی حب الوطنی ہے۔

مزید خبریں :