LIVE

وزیراعظم ملک کے ساتھ ہیں یا نوازشریف کے بیانیے کے؟ پی ٹی آئی کا وضاحت لینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
May 15, 2018
 

نوازشریف بتائیں اس بیان کی کیا ضرورت تھی؟ شاہ محمود قریشی کا اسمبلی میں اظہار خیال

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے نوازشریف کے متنازع بیان پر وزیراعظم سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہےکہ وزیراعظم سے وضاحت طلب کی جائے گی، شاہد خاقان عباسی  سے پوچھا جائے گا وہ بتائیں کہ وہ نوازشریف کےبیانیے کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے ساتھ؟

ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف اس معاملے پر آج اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرے گی اور اپنے چار مطالبات کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کو قائل کرے گی۔

نوازشریف کے بیان سے بھارت کے مؤقف کو تقویت مل رہی ہے: شاہ محمود

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں انہوں نے جو کہا ہے اس میں غلط کیا ہے، نوازشریف بتائیں اس بیان کی ضرورت کیا تھی؟

انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا نے نوازشریف کے انٹرویو کو اچھالا، نوبت یہاں تک پہنچی کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانا پڑا، نوازشریف نے یہ اعلامیہ مسترد کردیا، کل سے پورے ملک میں ایک ہنگامہ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ نوازشریف کے بیان سے بھارت کے مؤقف کو تقویت مل رہی ہے، اس بیان پر حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہیں، دو دنوں سے نوازشریف کا متنازع بیان موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کا بیان افسوسناک ہے، فضل الرحمان سمیت سب اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ نوازشریف پاکستان کو بدنام کرنےکا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے، ان کے بیان سے ہم گرے لسٹ سے بلیک لسٹ کی طرف جارہے ہیں۔

نوازشریف کی ریاست اوراداروں کے ساتھ ہمدردی نہیں: فواد چوہدری

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی ریاست اوراداروں کے ساتھ ہمدردی نہیں، ملک کو اس نہج پر پہنچانے کے ذمہ دار نوازشریف ہیں، وہ کسی طریقے سے پاناما کے فیصلے کو روکنا چاہتے ہیں، نوازشریف اس وقت تمام معاملات میں اپنے آپ کو بچانے کے لیے سارا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔