LIVE

رمضان میں سیلفی پوسٹ کرنے پر فریال مخدوم کو تنقید کا سامنا

ویب ڈیسک
May 24, 2018
 

26 سالہ فریال مخدوم نے سیلفی پوسٹ کرنے کے معاملے پرخود پر ہونے والی تنقید کا ترکی بہ ترکی جواب دیا—۔ فائل فوٹو/ بشکریہ انسٹاگرام

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ اور فیشن ماڈل فریال مخدوم کو رمضان المبارک کے دوران سوشل میڈیا پر ایک سیلفی پوسٹ کرنے پر سخت تنقید کا سامنا پڑ گیا۔

حال ہی میں فریال نے شیشے کے سامنے کھڑے ہوکر لی گئی ایک سیلفی انسٹاگرام پر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، 'مجھے اسپین لے چلو' (Take me to Spain) ۔

اس سیلفی میں فریال تھوڑے بولڈ اسٹائل کی پرنٹڈ شرٹ میں نظر آئیں۔



تاہم یہ سیلفی پوسٹ کرتے ہی 26 سالہ فریال مخدوم پر تنقید شروع ہوگئی کہ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران یہ سیلفی کیوں پوسٹ کی۔

ایک صارف نے لکھا، 'یہ رمضان ہے، اسپین جانے کے بجائے آپ کو نماز پڑھ کر اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔'

جس پر فریال نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیا، 'آپ اپنے گناہوں کی فکر کریں'، ساتھ ہی انہوں نے مسکراتا ہوا ایموجی بھی لگایا۔

اسکرین شاٹ—۔

اسی پر بس نہیں ہوا، کسی نے کہا، 'بہن پہلے حجاب لے لیں' تو کسی نے فریال کے کپڑوں اور بولڈ انداز پر  بھی تنقید کی۔

جبکہ کچھ لوگوں نے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 'چاہے فریال چھٹیاں منانے اسپین جائیں یا کسی اور جگہ پر، یہ ان کی مرضی ہے، رمضان کسی پر سفری پابندیاں نہیں لگاتا'۔

واضح رہے کہ فریال مخدوم گزشتہ برس بھی اُس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں،  جب ان کی اپنے شوہر عامر خان سے کشیدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

باکسر عامر خان نے فریال پر اپنے ساتھی باکسر انتھونی جوشوا کے ساتھ تعلقات کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد فریال نے بھی کچھ تلخ ٹوئیٹس کیں اور معاملات دونوں کی علیحدگی تک جاپہنچے۔

تاہم پھر فریال مخدوم کی جانب سے ٹوئٹر پر اپنے امید سے ہونے کے اعلان کے بعد دونوں کے درمیان موجود سردمہری کی برف پگھلی اور عامر خان نے ٹوئٹر پر ہی دوبارہ سے ایک ہونے کا اعلان کردیا تھا۔