LIVE

بھارت میں محکمہ جنگلات کے افسر کو اژدھے کے ساتھ سیلفی گلے پڑ گئی

ویب ڈیسک
June 19, 2018
 


کبھی کبھی سیلفی لینا کچھ مہنگا پڑتا ہے اور ایسا ہی ہوا بھارتی افسر کے ساتھ جس کا اژدھے کےساتھ سیلفی لینا اس کے گلے آگیا۔

بھارتی محکمہ تحفظ جنگلات اور حیاتیات کی ٹیم نے 30 کلو وزنی اور 18 فٹ لمبا اژدھا پکڑا جس میں سے ایک افسر سنجے دتا نے اس وزنی اژدھے کے ساتھ سیلفی لینےکی ٹھانی جس سے اس کے چودہ طبق روشن ہوگئے۔

محکمہ جنگلات کے افسر نے اژدھے کو قابو کرنے کے بجائے گلے میں ڈالا اور سیلفی لینے کی حتی الامکان کوشش کی جس سے اژدھا پریشان ہو کر تلملانے لگا اور اس کی گردن کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا۔

اژدھا بے قابو ہو کر اس کے گلے کو دبانے بھی لگا، اس سے پہلے کے یہ گھیرا مزید تنگ ہوتا اس کے ساتھیوں نے اپنے افسر کی مدد کی اور اژدھے کے چنگل سے جان چھڑائی، سنجے دتا انتہائی خوفزدہ ہوگیا لیکن خوش قسمتی سے جان بچ گئی۔ اس انوکھی سیلفی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوچکی ہے۔