LIVE

نقیب اللہ کے اہلخانہ کا ملزمان کی گرفتاری کیلئے سندھ ہائیکورٹ کے باہر مظاہرہ

ویب ڈیسک
June 25, 2018
 

سندھ ہائیکورٹ نے راؤ انوار کو سب جیل میں رکھنے سے متعلق درخواست پر سماعت 29 جون تک ملتوی کردی: فوٹو/ فائل

کراچی:پولیس کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں ہلاک کیے جانے والے نقیب اللہ کے اہل خانہ نے کیس میں ملوث ملزم شعیب شوٹر سمیت دیگر کی گرفتاری کیلئے سندھ ہائیکورٹ کے باہر مظاہرہ کیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں نقیب قتل کیس کے ملزم راؤانوار کو سب جیل میں رکھنے کی درخواست کی سماعت ہوئی ، درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ راؤ انوار اپنے گھر میں موجود ہے، پھر بھی انہیں مزید سہولیات چاہئیں، ملزم کے گھر کو سب جیل قراردیا گیا جو غیر قانونی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ملزم راؤ انوار کیس کے گواہوں کو ہراساں کر رہا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید کارروائی کے لیے درخواست کی سماعت 29 جون تک ملتوی کردی۔

راؤ انوار کے اہلخانہ کا شعیب شوٹر اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

سماعت سے قبل نقیب کے اہلخانہ اور جرگہ عمائدین نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر مظاہرہ کیا اور راؤ انوار کے خلاف نعرے لگائے، مظاہرین نے قتل میں ملوث ملزم شعیب شوٹر و دیگر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں نقیب الله محسود کے لواحقین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت راؤانوار کی مدد کررہی ہے، کیا وجہ ہے کہ ملزم کی طرف داری کی جارہی ہے، ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم انصاف کی آخری حد تک جائیں گے۔