LIVE

طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں، ترجمان دفترخارجہ

ویب ڈیسک
July 05, 2018
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا ہے کہ پاکستان افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتا ہے، تاہم انہیں مذاکرات کی میز پر لانا صرف اسلام آباد کی ذمہ داری نہیں۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان بار بار کہہ چکا ہے کہ ہم افغانستان کے سیاسی حل کے حامی ہیں اور افغان صدر اشرف غنی کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ طالبان امن کے قیام کے لیے موقع کا فائدہ اُٹھائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا دورہ پاکستان کامیاب رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے پاک-افغان بارڈر مینیجمنٹ جیسے اقدامات میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

'بھارت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے'

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ بھارت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے اور عالمی برادری مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت سے اس ہفتے مزید 7 کشمیری شہید ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں اور اس ماہ حکومت پاکستان نے 471 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی۔