LIVE

اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد دھاندلی کیخلاف احتجاج کرینگے: شہبازشریف

رئیس انصاری
August 02, 2018
 

میاں شہازشریف کی جیونیوز سے گفتگو: فوٹو/ فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف کا کہنا ہےکہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں گے۔

لاہور میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف سے جیل میں ملاقات کے دوران انہیں الیکشن کے بارے میں مکمل آگاہ کیا، وہ پرُعزم دکھائی دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں گے اور احتجاج سےمتعلق نواز شریف کو بھی آگاہ کردیا ہے، ابھی ہم نے آواز نہ اٹھائی تو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

(ن) لیگ کے صدر کا کہنا تھاکہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمےکا کریڈٹ نوازشریف سےکوئی نہیں چھین سکتا۔

آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں لائحہ عمل پر غور ہوگا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سڑکوں پر احتجاج کرنے کی بجائے اسمبلی میں احتجاج کی حامی ہے اور اے پی سی میں لائحہ عمل پیش کرے گی کہ ملک اس صورتحال میں ہے اس میں سڑکوں پر احتجاج نہیں کرنا چاہیے۔