LIVE

سپریم کورٹ نے آرمی پبلک اسکول حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کردیا

ویب ڈیسک
October 05, 2018
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آرمی پبلک اسکول پشاور حملہ کیس کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کردیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اے پی ایس حملے پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کردیا جو 6 ہفتوں میں اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گا جب کہ کمیشن ہائیکورٹ کے سینیئر جج کی سربراہی میں کام کرے گا۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ سانحے کی تحقیقات کے علاوہ لواحقین کے خدشات اور ان کی داد رسی بھی کی جائے۔

کمرہ عدالت میں موجودہ شہید بچوں کی ماؤں سے مکالمے کے دوران چیف جسٹس نے کہا اپنی بہنوں سے معافی چاہتا ہوں، زبانی حکم تو پہلے دیا تھا لیکن فائل پر آرڈر نہیں کر سکا، پشاور سماعت کے موقع پر بینچ ٹوٹ جانے سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی۔

چیف جسٹس نے کہا ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور انصاف کے تقاضے پوری کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے 150 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جن میں زیادہ تعداد معصوم بچوں کی تھی۔