LIVE

محکمہ تعلیم سندھ کی یوم اقبال پر چھٹی کے اعلان کی تردید

ویب ڈیسک
November 08, 2018
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے یوم اقبال کے موقع پر صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کے اعلان کی تردید کی ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے سلسلے میں کل صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رکھنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس کا نوٹی فکیشن جاری ہوا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک نوٹی فکیشن وائرل ہوا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ یوم اقبال کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔

تاہم وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ایوان میں اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 نومبر کو عام تعطیل سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں اور ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران 9 نومبر کی چھٹی کی مخالفت کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ نئے پاکستان کا وژن ہفتے کے 7 دن 24 گھنٹے کام ہے۔

یاد رہے کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پائی۔