LIVE

کشمیر کا تنازع قتل اور تشدد سے نہیں صرف مذاکرات سے حل ہوگا، وزیراعظم

ویب ڈیسک
December 16, 2018
 

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہر سطح پر اٹھائیں گے، سلامتی کونسل کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کرائے، عمران خان— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے پلوامہ میں معصوم کشمیریوں کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہر سطح پر اٹھائیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کا تنازع قتل اور تشدد سے نہیں صرف مذاکرات سے حل ہوگا، سلامتی کونسل حق خود ارادیت دینے کے وعدے پر عمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیں گے، سلامتی کونسل کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کرائے۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنا مستقبل خود طے کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایات جاری کیں ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے اور گزشتہ ماہ نومبر میں 18 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا، دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہوسکتی۔