LIVE

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان رابطوں کی تردید

ویب ڈیسک
December 18, 2018
 

میڈیا سے درخواست ہے کہ قیاس آرائی پر مبنی خبروں سے گریز کرے، ن لیگ و پی پی پی کا مؤقف  — فوٹو:فائل 

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان رابطوں کی تردید کر دی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کا وضاحتی بیان میں کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان کوئی ٹیلیفونک بات چیت نہیں ہوئی۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے بھی نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان رابطوں سے متعلق خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی کہ قیاس آرائی پر مبنی خبروں سے گریز کیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پارلیمنٹ میں صحافیوں نے سابق صدر آصف زرداری سے نواز شریف سے ملاقات کے امکان کا سوال کیا تھا جس پر انہوں نے کہا تھا کہ ’آپ کہہ دیں، کرا دیں، جو آپ کا حکم ہو'۔