LIVE

پیتل کے شیروں کی جوڑی کی 14 سال بعد چڑیا گھر میں واپسی

انیبہ ضمیر شاہ
December 27, 2018
 

شیروں کے ان مجسموں کو چڑیا گھر کے مرکزی گیٹ پر ان کے پرانے مقام پر نصب کردیا گیا ہے—۔فوٹو/ جیو نیوز

کراچی: چڑیا گھر کی شان پیتل کے شیروں کی جوڑی بالآخر 14 سال بعد اپنے مقام پر واپس آگئی۔

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے پیتل کے شیروں کا یہ 100 ٹن وزنی مجسمہ دنیا کے دو چڑیا گھروں کو بطور تحفہ دیا تھا، جن میں ایک جوڑا لندن کے چڑیا گھر میں ہے اور دوسرا کراچی کے چڑیا گھر میں ہوا کرتا تھا۔

جن لوگوں کا بچپن چڑیا گھر گھومتے گزرا، انہیں آج بھی ان شیروں کے قریب کھڑے ہوکر تصویر کھنچوانا اور اس پر چڑھنا یاد ہوگا۔

لیکن پھر ہوا کچھ یوں کہ ستمبر 2004 میں موہٹہ پیلس میں برطانوی راج کے حوالے سے ہونے والی نمائش میں شیروں کی اس جوڑی کو بھی پیش کیا گیا، لیکن ان کی واپسی اب 14 سال بعد ممکن ہوئی ہے۔

شیروں کے ان مجسموں کو چڑیا گھر کے مرکزی گیٹ پر ان کے پرانے مقام پر نصب کردیا گیا ہے۔

اگرچہ دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ شیر میٹیلک براؤن سے سیاہ ہوگئے ہیں، لیکن انہیں ان کی اصل حالت میں واپس لانے کے لیے ان پر پولش کی جارہی ہے۔

لیکن اب چڑیا گھر آنے والے بچے ان مجسموں کے ساتھ تصویر بناکر اپنا بچین ضرور یادگار بنا سکتے ہیں۔