LIVE

شائقین کرکٹ اب پی ایس ایل فائنل ٹی وی اسکرین پر ہی دیکھ سکیں گے

عبدالماجد بھٹی
February 26, 2019
 

اب تک جو لوگ ٹکٹ خریدنے کا سوچ رہے تھے ان شائقین کرکٹ کو گھروں میں ٹی وی پر بیٹھ کر ہی فائنل میچ دیکھنا ہوگا کیوں کہ فائنل کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے— فوٹو: فائل

شائقین کرکٹ کراچی میں پاکستان سپر لیگ فائنل کیلئے پرجوش ہیں لیکن فائنل سے تین ہفتے قبل ہی تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوگئے۔

اب تک جو لوگ ٹکٹ خریدنے کا سوچ رہے تھے ان شائقین کرکٹ کو گھروں میں ٹی وی پر بیٹھ کر ہی فائنل میچ دیکھنا ہوگا۔

پاکستان میں پی ایس ایل فائنل سمیت 8 میچز ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے ٹکٹ فروخت کرنے والی کمپنی کے ایک اعلیٰ افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ فائنل کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں۔

منگل کی شب دبئی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی پی سی بی نے مقامی کوریئر کمپنی کے حوالے کردی۔ اس موقع پر کوریئر کمپنی کے ڈائریکٹر قاسم اعوان نے کہا کہ کراچی میں فائنل کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں تاہم سات گروپ میچوں کے ٹکٹ ابھی دستیاب ہیں۔

پی ایس ایل ٹرافی 16 مارچ کو کانوائے کی شکل میں نیشنل اسٹیڈیم لائی جائے گی— فوٹو: پی ایس ایل آفیشل ٹوئٹر

پی سی بی نے پی ایس ایل ٹرافی کوریئر کمپنی کے سپرد کردی ہے جو 16 مارچ کو کانوائے کی شکل میں نیشنل اسٹیڈیم لائی جائے گی جہاں فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ فوٹو سیشن ہوگا۔

پی سی بی نے ٹرافی حوالے کرنے کی تقریب میں سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔ فوٹو سیشن کے بعد پریس کانفرنس ختم کردی گئی۔