LIVE

مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور چوکنا ہیں، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک
March 03, 2019
 

بھرپور جوابی کارروائی کے دوران بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا، مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور چوکنا ہیں، آئی ایس پی آر۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ آج بھی جاری ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں فائرنگ کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے نیزہ پیر، جند روٹ اور باغ سر سیکٹر پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی جارہی ہے جس کا پاک فوج کی طرف سے مؤثر جواب دیا جارہا ہے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے یکم اور 2 مارچ کی درمیانی شب مختلف سیکٹروں پر فائرنگ کی اور گزشتہ 24 گھنٹے میں پاکستان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی جارہی ہے جس کے دوران بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق 'مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور چوکنا ہیں'۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے حوالدار عبدالرب کی نماز جنازہ ڈی جی خان میں ادا کردی گئی جن کی پوری فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی جب کہ نائیک خرم شہید کی نماز جنازہ کل ڈی جی خان میں ادا کی جائے گی۔