LIVE

ایک گلی ایسی جس کے باسی انسٹاگرام سے چھٹکارا چاہتے ہیں

ویب ڈیسک
March 08, 2019
 

پیرس کی رئی کریمیکس گلی انسٹاگرام کی تصویر کے لیے سیاحوں کی من پسند جگہ بن چکی ہے۔ فوٹو کریڈٹ : گیٹی امیجز

کبھی کبھار خوبصورتی اور صفائی ستھرائی  بھی پریشانی میں ڈال دیتی ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا ہے پیرس کی ایک گلی تئی کریمیکس کے ساتھ جو  اپنی خوبصورتی اور زینت  کی وجہ سے انسٹاگرام پر ہزاروں تصویروں پر ان گنت لائِکس کی وجہ سے مشہور ہو رہی ہے۔

لیکن اس گلی کے رہائشی اس بات پر فخر کرنے کی بجائے پریشانی کا شکار ہو رہے ہیں۔گلی کے رہائشیوں نے سٹی کونسل کو درخواست دے رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غیر متلعقہ لوگوں کی گلی تک رسائی کو روکا جائے۔

یہاں تک کہ وہاں کے رہائشیوں میں سے ایک نے انسٹا گرام اکاؤنٹ تک بنا ڈالا جس میں گلی میں بیرونی لوگوں کی طرف سے ہونے والی ناپسندیدہ کارروائیوں کی تصویریں ڈالی جاتی تھیں۔

رہائشیوں نے سٹی کونسل سے گلی کے داخلی راستے پر ایک گیٹ لگانے کا مطالبہ کیا ہے اور اس گیٹ کو مصروف اوقات جیسے شام کے وقت، ہفتے کے اختتام پر، طلوع آفتاب اور غروب کے وقت بند کرنے کا کہا گیا ہے۔ عکاسی کے لیے اس وقت قدرتی روشنی اچھی ہونے کی وجہ سے لوگ انسٹاگرام کے لیے اس گلی کی بہترین تصویر کھینچنے کے لیے رخ کرتے ہیں۔

یہاں کے لوگ اپنا کچھ 'انسٹاگرام فری' ٹائم چاہتے ہیں۔اس گلی کی ایک باسی نے ریڈیو اسٹیشن فرانس انفو کو بتایا کہ ہم کھانا کھانے بیٹھتے ہی ہیں اور کھڑکی سے باہر لوگ تصاویر لینا شرو ع کرد یتے ہیں کچھ منچلے گھنٹوں وڈیوز بناتے رہتے ہیں۔یہ عمل تھکاوٹ کا شکار کر دینے والا ہے۔

ایک سیاح مس مورٹن نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ انھیں نے دیگر بہت سے سیاحوں کو تصویروں کے لیے سڑکیں بلاک کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ یہ ایک ایپ نہیں بلکہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے مسئلہ کھڑا ہوتا ہے۔

صرف انسٹاگرام کے لیے تصویریں لینا مسئلہ نہیں ہے ، جو لوگ یہ جگہیں اصل میں نہیں دیکھ سکتے وہ ان تصویروں کو دیکھ کر خوش ہوجاتے ہیں۔

کسی کی ذاتی املاک میں دخل اندازی کرنا ، تصویر کھینچے کے لیے راستے بند کر دینا اور ایک تصویر کے لیے 100 کلک کرنا اور اس دوران اپنی یا کسی اور کی جان خطرے میں ڈال دینا درست نہیں ہے۔