LIVE

حکومت سے خلیجی ریاستوں میں پاکستانی ڈاکٹروں کی نوکریاں بچانے کی اپیل

خاور خان
August 18, 2019
 

حکومت پاکستان سے خلیجی ریاستوں میں پاکستانی ڈاکٹروں کی نوکریاں بچانے کیلئے اپیل 

پاکستان آرتھوپیڈک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سعودی عرب ،متحدہ عرب عمارات سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں ایم ایس اور ایم ڈی کئے ہوئے ملازمتوں پر تعینات پاکستانی ڈاکٹروں کی نوکریاں بچائیں۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی او اے کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے پاکستانی یونیورسٹوں سے فارغ التحصیل ایم ایس اور ایم ڈی کی ڈگری کے حامل ڈاکٹروں کو سعودی کمیشن فار ہیلتھ اسپیشلسٹ اور دبئی ہیلتھ اتھارٹی نے نوکریوں سے نکالنے کے احکامات دے دیے اور ان کی ڈگریوں کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔

صدر پی او اے پروفیسر محمد عارف کا کہنا تھا کہ اس وقت 3 ہزار سے زائد ڈاکٹروں کو نوکریاں چھوڑنے کا کہا گیا ہے جو گزشتہ 8، 10  سالوں سے خلیجی ممالک میں اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ان لوگوں کی نوکریاں، ڈگریاں ختم ہوجائیں گی وہیں دنیا میں پاکستان کا نام بھی خراب ہوگا۔

 ڈاکٹر نعیم الحق کا کہنا تھا کہ نوکری دینے سے قبل خلیجی اداروں کے متعلقہ ادارے پاکستان کے ڈاکٹروں کی ڈگریوں کی مکمل جانچ پڑتال کراتے ہیں پھر ایسا کیا ہوا کہ فوری طور پر اور کس کے کہنے پر یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔

پی او اے کے حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پوسٹ گریجوایشن کے لیے دو حصے ہیں ایک کالج آف فیزیش اینڈ سرجن اور دوسرا جامعات ہیں۔ حکومت نے دو سسٹم بنائے ہیں جامعات حکومت کی مرضی سے یہ ڈگریاں دے رہی ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اقدامات کرے اور خلیجی ممالک میں موجود حکام سے رابطہ کرے تاکہ ڈاکٹروں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے۔