LIVE

سرحد پر فوجیوں کی شہادت پر پاکستان کا بھارت اور افغانستان سے احتجاج

ویب ڈیسک
September 14, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


پاکستان نے لائن آف کنٹرول اور افغان سرحد پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 فوجیوں کی شہادت پر بھارت اور افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی و افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور کو آہنی باڑ لگانے میں مصروف فوجی دستے پر فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا، پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ سے پاکستان کے 3 فوجی شہید ہوئے۔

ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت اپنی طرف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کی ذمہ دار ہے۔

خیال رہے کہ پاک افغان سرحد پر خاردار باڑ لگانے میں مصروف فوجیوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

شہید ہونے والوں میں 28 سالہ لانس نائیک سید امین آفریدی، 31 سالہ لانس نائیک محمد شعیب اور 22 سال سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک سید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر، لانس نائیک محمد شعیب سواتی کا تعلق ضلع مانسہرہ اور سپاہی کاشف علی شہید کا تعلق ضلع نوشہرہ سے تھا۔

اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا جس پر احتجاج کیلئے پاکستان نے بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالیہ کو طلب کیا۔