پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2019

بھارتی فوج کی ایل او سی پربلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان اور خاتون شہید



بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی جس میں پاک فوج کا ایک جوان اور 40 سالہ خاتون شہید ہوگئی۔

حوالدار ناصر حسین شہید — فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے حولدار ناصر حسین شہید ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار ناصر حسین 16 سال سے پاک فوج میں خدمات سر انجام دے رہے تھے اور شہید کا تعلق نارووال سے تھا۔

بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، خاتون شہید

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر نکیال اور جنڈروٹ سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے  اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے۔ 

بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ سے 40 سالہ خاتون فاطمہ بی بی شہید اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 6 افراد میں 4 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امدادی کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والی خاتون فاطمہ بی بی کا تعلق گاؤں بالاکوٹ سے تھا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی فوج کی ایل او سی پر حاجی پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی غلام رسول شہید ہو گیا تھا۔

مزید خبریں :