LIVE

سانحہ تیز گام: 40 لاشیں شناخت کے بعد ورثاء کے حوالے

ویب ڈیسک
November 07, 2019
 

گزشتہ روز ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کے بعد 40 میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں— فوٹو فائل

سانحہ تیز گام میں جاں بحق ہونے والے 30 افراد کی میتیں میر پور خاص جب کہ چار افراد کی میتیں کراچی پہنچا دی گئیں ہیں۔

گزشتہ ہفتے کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے قریب آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 75 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

 تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 58 افراد کی شناخت نہ ہونے پر ڈی این اے کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کے بعد گزشتہ روز 40 میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں جس میں 30 افراد کی میتیں میرپور خاص جب کہ 4 افراد کی میتیں کراچی منتقل کی گئیں اس کے علاوہ کچھ میتوں کو عمر کوٹ بھی پہنچایا گیا۔

عمرکوٹ میں تین افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی جب کہ میرپور خاص کے مختلف علاقوں میں تدفین کی تیاریاں جاری ہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹے سمیت 3افراد کی میتیں سہراب گوٹھ کے سردخانے منتقل کی گئیں، ماں بیٹا گلشن حدید اور ایک شخص کورنگی کا رہائشی تھا۔