LIVE

والدین کا اپنے 3 بچوں کی ذمہ داری لینے سے انکار، بچے عدالت پہنچ گئے

ریاض شاکر
November 25, 2019
 

بچوں کی جانب سے ان کی پھوپھی نے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ ماں باپ نے علیحدگی کے بعد شادی کرلی اور بچوں کو بے آسرا چھوڑ دیا— فوٹو: فائل

لاہور میں والدین نے اپنے 3 بچوں کی ذمہ داری لینے سے انکارکردیا جس کے بعد تینوں بچوں نے اپنی پھوپھی کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سویرا رمضان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ماں باپ 3 بچوں کی ذمہ داری لینے سے معذوری ظاہر کررہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے سویرا رمضان کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

درخواست گزار پھوپھی کا کہنا ہے کہ ماں باپ نےعلیحدگی کے بعد شادی کرلی اور بچوں کو بے آسرا چھوڑ دیا۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ تینوں بچے میرے پاس ہیں، کفالت میرے بس کی بات نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے 3 بچوں کے والد جمیل کو ایس ایچ او قادر پور جھنگ کے ذریعے طلب کرلیا۔ جسٹس انوارالحق پنوں نے کیس کی مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔