LIVE

لندن کے برج اسپتال میں نواز شریف کا پی ای ٹی اسکین

ویب ڈیسک
November 28, 2019
 

 ترجمان مسلم لیگ ن نے پوری قوم سے نوازشریف کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی ہے،فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف گزشتہ 9 دنوں  سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ اور مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا آج لندن کے برج اسپتال میں پوزیٹرون ایمیشن ٹوموگرافی (پی ای ٹی) اسکین ہوا جس میں کئی گھنٹے لگے۔

نواز شریف پی ای ٹی اسکین مکمل ہونے کے بعد اپنے گھر روانہ ہوگئے، اسکین کی رپورٹ آنے میں چند روز لگ سکتے ہیں۔

نواز شریف کے ہمراہ ان کےذاتی معالج ڈاکٹر عدنان، حسین نواز، ناصر بٹ اور دیگر بھی تھے۔

اس سے قبل 25 نومبر کو نواز شریف کا طبی معائنہ لندن برج اسپتال میں کیا گیا تھا طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو اسپتال میں داخل ہونے کی تجویز دی تھی۔

نواز شریف کی صحت سے متعلق آج اہم ٹیسٹ، دعاؤں کی اپیل

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی صحت سے متعلق ایک بیان میں بتایا کہ آج نواز شریف کا انتہائی اہم ٹیسٹ ہوگا، ڈاکٹرز آج ان کا پی ای ٹی اسکین کریں گے۔

مریم اورنگزیب  نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے پلیٹیلیٹس گرنے کی تشخیص کی جائے گی اس کے علاوہ برقی شعاعوں کے ذریعے تجزیے کا مقصد خدانخواستہ کینسر کے خدشات کو دور کرنا ہے۔

بعدازاں ترجمان مسلم لیگ ن نے  پوری  قوم سے  محمد نوازشریف کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق ان کے بیٹے حسین نواز کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ نوازشریف کا علاج ایک چھت تلے ہو لیکن ان کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے، والد کو متعدد بار مشورہ دیاکہ امریکا سے علاج کروائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند روز میں متعدد بار اسپتال جانا پڑے گا، بون میرو کی تشخیص کا معاملہ حساس ہے لہٰذا قوم ان کی صحتیابی سے متعلق دعا کرے۔

خیال رہے کہ نوازشریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں اور اس دوران وہ 3 بار طبی معائنے کے لیے گھرسے باہر نکلے ہیں۔

نوازشریف کیس میں کب کیا ہوا؟