LIVE

کراچی میں عاطف اسلم کے کنسرٹ پر تنازع کھڑا ہوگیا

سلیمان سعادت خان
December 01, 2019
 

سوشل میڈیا پر کراچی کے بیچ ویو پارک کلفٹن میں عاطف اسلم کے ہونے والے کنسرٹ کے چرچے ہیں تاہم ڈائریکڑ جنرل (ڈی جی پارکس) محکمہ باغات نے اسے فراڈ قرار دیدیا۔

کراچی میں 7 دسمبر کو عاطف اسلم کا کنسرٹ ہونے جارہا ہے اور 1500 سے 10 ہزار روپے تک کے ٹکٹ آن لائن بک بھی ہورہے ہیں تاہم جس پارک میں یہ پروگرام ہے، وہ کراچی میٹروپولیٹن کارپویشن (کے ایم سی) کے محکمہ پارکس کے زیر انتظام ہے۔

اس حوالے سے ڈی جی پارکس آفاق مرزا کا کہنا ہے کہ یہ سب فراڈ ہورہا ہے، کراچی میٹرو پولیٹن کارپویشن نے کسی کو اجازت نامہ جاری ہی نہیں کیا۔

ڈی جی پارکس نے عاطف اسلم سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اس قسم کے معاملات سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔

آفاق مرزا کا کہنا تھا کہ یہ کنسرٹ کسی صورت نہیں ہوسکتا، دسمبر کے مہینے میں پاک بحریہ کی مشقیں ہوتی ہیں، اس لیے اس ماہ میں اجازت نامے جاری نہیں کیے جاتے۔

ڈی جی پارکس کراچی کے مطابق گلوکار عاطف اسلم ان کے بھی پسندیدہ گلوکار ہیں لیکن کراچی والوں اور عاطف اسلم سے کہنا چاہتا ہوں آپ کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔

دوسری جانب تشویش کی بات یہ ہے کہ اس کنسرٹ کی مشہوری کے لیے فیس بک پر عاطف اسلم نے اپنے آفیشل پیج پر بھی پوسٹ ڈال رکھی ہے اور اب تک عاطف اسلم کے نام سے کئی سو ٹکٹس بک بھی ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی عاطف اسلم کے نام پر آزادی کے دن کے حوالے سے ایک ایسے ہی کنسرٹ کا چرچا تھا جس کا بعد میں عاطف اسلم کو انکار کرنا پڑا تھا۔